لاہور:
ملک بھر کے کرکٹ کلبز کی جانب سے ایک مثبت اور حوصلہ افزاء ردعمل کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کلبز کی رجسٹریشن کے عمل میں 8 اپریل بروز جمعرات تک توسیع کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
دس مارچ سے شروع ہونے والے اس آن لائن رجسٹریشن کے عمل میں اب تک 1362 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں. پی سی بی ان درخواستوں کا جائزہ لے رہا ہے۔
رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں کامیاب کلبز کے صدور کو اب اگلے مرحلے میں اپنے رجسٹر کروائے گئے ای میل ایڈریس پر ایک آن لائن لنک موصول ہوگا، جہاں انھیں اپنے کلب کے اراکین اور کھلاڑیوں کی کٹیگریز سے متعلق معلومات فراہم کرنی ہوں گی۔
پی سی بی نے ایک کثیر تعداد میں کلبز مالکان کی جانب سے درخواست اور گزشتہ چار روز میں 862 آن لائن درخواستیں موصول ہونے پر رجسٹریشن کے اس عمل میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی عہدیداران کی ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کلب کے وفود سے ملاقاتیں بھی گزشتہ چار روز میں خاطر خواہ تعداد میں رجسٹریشن کی درخواستوں کی وصولی کا سبب بنی ہیں. ان ملاقاتوں میں کلبز مالکان نے رجسٹریشن کے اس عمل اور ماڈل آئین کے کچھ آرٹیکلز پر وضاحت طلب کی تھی۔