لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2021ء ٹیم ڈائمنڈ پینٹس نے جیت لیا۔ فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ناقابل شکست بی این پولو ٹیم کو 7-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں کرونا ایس او پیز کے تحت ہونے والے اس فائنل کو دیکھنے کیلئے صرف ممبرز اور ان کی فیملیز کو اجازت تھی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سید محمد طلا ل علی رضا بزنس ہیڈ سنٹرل ایسٹ بینک الفلاح اور جنوبی افریقن ہائی کمشنر ایم مٹاکیساتھے۔ اس موقع پر پاکستان میں انٹرنیشنل اولمپک کے ممبر سید شاہد علی، کلب کے صدر عمر صادق، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز بھی موجود تھے۔ فائنل میچ بہت ہی زبردست ہوا۔ ڈائمنڈ پینٹس کی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی لیڈ حاصل کرلی۔ پہلے چکر میں ڈائمنڈ پینٹس نے دو دوسرے چکر میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک تیسرے چکر میں بھی ڈائمنڈ پینٹس نے دو جبکہ چوتھے اور پانچویں چکر میں ٹیم بی این پولو نے گول سکور کیے۔ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے راہول لیپ سٹے نے چار، ثاقب خان خاکوانی نے دو جبکہ رومیرو زیولیٹانے ایک گول سکور کیا۔ بی این پولو کی طرف سے جان ماریو ٹی ٹو رئیوز نے اور الوکیو سیلسٹیو نے دو دو جبکہ راجہ میکائل سمیع نے ایک گول سکور کیا۔ ادھر تیسری چوتھی پوزیشن کے میچ میں ٹیم باڑیز نے ڈی ایس پولو کو 7-4 سے ہرا دیا۔ اختتامی تقریب میں سال کے بہترین کھلاڑیوں کے ایوارڈز بھی دیئے گئے۔ ایمرجنگ ٹیلنٹ ایوارڈ ابھرتے ہوئے کھلاڑی بازل فیصل کھوکھر کو جبکہ لیڈیز بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لینا باڑی کو، سپرٹ آف پولو ایوارڈ شہریار خان کو، 0 سے -2 کی کیٹیگری کا ایوارڈ عارب علی ملک کو، 0-2 گول کیٹیگری میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ میر حذیفہ احمد کو، 2-4 کیٹیگری میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ راجہ میکائل سمیع کو، پاکستان بہترین گھوڑے کا ایوارڈ ٹیم ری ماؤنٹس کے لولی 11720 کو دیا گیا جو لیفٹیننٹ کرنل سلیم بابو، لیفٹیننٹ کرنل ذوالفقار نے وصول کیا، سید واجد علی شاہ ٹرافی برائے بہترین گھوڑی کا ایوارڈ میر شعیب احمد کی گھوڑی چکریرا کو دیا گیا جبکہ ٹورنامنٹ کے بہترین پاکستانی کھلاڑی کا ایوارڈ حسام علی حیدر اور ٹورنامنٹ کے مین آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ راہول لیپ سٹے جبکہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے پر خصوصی ایوارڈ باڑیز کے ارینسٹو ٹروٹز کو دیا گیا۔ اختتامی تقریب میں صدر لاہور پولو کلب عمر صادق نے تمام لوگوں کا خصوصی بینک الفلاح کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے شاندار ٹورنامنٹ سپانسر کیا۔