پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج سے کرکٹ کلبز کی رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا ہے۔ تمام کلبز 24 مارچ تک www.pcb.com.pk/clubregistrationپر آن لائن رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔
فی کلب رجسٹریشن فیس5ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔یہ رقم فیصل بینک یا مسلم کمرشل بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کروائی جاسکتی ہے۔ اس عمل کو شفاف بنانے کے لیے رقوم کی منتقلی صرف بینک ٹرانسفر کے ذریعے ہی کرنے کی اجازت ہوگی۔
صرف کلبز کے صدور ہی رجسٹریشن کےلیے درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں، اس عمل کے لیے انہیں اپنا کارآمد شناختی کارڈر اور ایک ای میل ایڈریس دینا ہوگا۔
درخواست کی تصدیق کے بعد، کلب کے اس صدر کو اس کے ای میل ایڈریس پر ایک اور لنک بھجوایا جائے گا۔ اس لنک پر انہیں ممبرشپ کی کٹیگری اور کھلاڑیوں سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔
تمام کلبز کی درخواستوں کی مکمل معلومات مزید تصدیق اور سکروٹنی کے لیےہارڈ کاپی کی صورت میں متعلقہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے فرسٹ بورڈز کو بھجوائی جائے گی ۔کلبز کی رجسٹریشن کا یہ عمل پی سی بی کی مقررہ انسپیکشن کمیٹی کی جانب سے سکروٹنی کے بعد مکمل ہوگا۔
جن کلبز نے فضل محمود کلب ٹورنامنٹ برائے 18-2017 یا 19-2018 میں سے کسی بھی ایک میں شرکت کی ہوگی اور وہ اہلیت کے مقررہ معیار پر بھی پورا اترتے ہوں گے تو انہیں ووٹنگ کا حق دیا جائے گا۔
ایسے کلب جنہوں نے ان مندرجہ بالا ایونٹ میں شرکت نہیں کی تو انہیں ووٹنگ رائٹس دوسری سکروٹنی کے بعد ہی ملیں گے ۔
کلب کی رکنیت کی تین مختلف اقسام ہیں۔ ایفیلیٹ رکن کو صرف پلیئنگ رائٹس دئیے گئے ہیں جبکہ ایسوسی ایٹ اور فل ممبر کو کھیلنے کے ساتھ ساتھ ووٹ کا اختیار بھی ہوگا۔
کلب رجسٹریشن سے متعلق مزید تفصیلات کے لیے پی سی بی کے ہیلپ لائن نمبر (042-99030128)پر صبح 9 سے شام 5 بجے تک رابطہ کیا جاسکتا ہے۔