جناح پولو اینڈ کنٹری کلب کے زیراہتمام پاکستان کے سب سے پہلے ماسٹر پینٹس جناح گولڈ کپ 2021ء کا جناح پولو اینڈ کنٹری کلب میں منگل سے آغاز ہو رہا ہے۔ کلب میں سپانسرز کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کلب کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) شعیب آفتاب نے میڈیا کوٹورنامنٹ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پریس کانفرنس میں ماسٹر پینٹس کے ڈائریکٹرز صوفی محمد عامر، فاروق امین صوفی، صوفی محمد ہارون، صوفی محمدعزیر،کلب سیکرٹری میجر (ر) بابر محبوب اعوان، غیرملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد اور غیرملکی امپائرز بھی موجود تھے۔ کرنل شعیب آفتاب کے مطابق 109 ایکٹر پر موجود جناح پولو اینڈ کنٹری کلب اس وقت پاکستان میں سب سے پہلے جناح گولڈ کپ کا میزبان ہے جسے ماسٹر پینٹس نے سپانسر کیا ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کی یاد میں پہلی بار اس ٹورنامنٹ کا انعقاد جناح پولو اینڈ کنٹری کلب میں کیا جا رہا ہے جو مستقبل میں بھی ہر سال جاری رہے گا۔ 14 گول ہینڈی کیپ کے اس ٹورنامنٹ میں 9ٹاپ ٹیمیں شریک ہیں جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے ماسٹر پینٹس کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ سے ہی پولو کو سپورٹ کیا ہے۔ صوفی محمد عامر ڈائریکٹر ماسٹر پینٹس کا کہنا تھا کہ گزشتہ بیس سال سے پولو کو پرموٹ اور سپورٹ کر رہے ہیں۔ بطور کمپنی یہ ہماری اخلاقی اور معاشرتی ذمہ داری ہے کہ پولو جیسے لائف سٹائل کھیل کو سپورٹ کریں۔ صوفی محمد عامر نے بتایا کہ پہلی بار پاکستان کی پولو کو پولو لائن ٹی وی کے ذریعے دنیا بھر میں ٹیلی کاسٹ کیا جا رہا ہے۔ اس سال پاکستان میں پولو کا لیول انتہائی عمدہ ہے اور دنیا بھر کے پولو شائقین کی نظریں ان نو ٹیموں کے ایکشن پر مرکوز ہیں۔ ہر ٹیم میں دو غیرملکی کھلاڑی پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ جلوہ گرہوں گے۔غیرملکی کھلاڑی ارجنٹائن، انگلینڈ، چلی، ایران سے شامل ہیں۔ پول اے میں رسالہ، ماسٹر پینٹس، ری ماؤنٹس، نیوایج/ رضویز اور ڈیس ایس پولو / اے ایس سی کی ٹیمیں جبکہ پول بی میں ایف جی پولو، بی این پولو، ڈائمنڈ پینٹس اور ماسٹر پینٹس بلیک کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ڈائریکٹر ماسٹر پینٹس فاروق امین صوفی نے بتایا کہ ماسٹر پینٹس کی دو ٹیمیں اس سال بھی ہائی گول سیزن کا حصہ ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح کی یاد میں ہونیوالے اس ٹورنامنٹ کو زندہ دلان لاہور کی بڑی تعداد سمیت دنیا بھر سے پولو کے لاکھوں شائقین لائیو دیکھیں گے جو بہت خوش آئند بات ہے۔ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ بروز منگل 2 مارچ ماسٹر پینٹس اور ری ماؤنٹس کی ٹیموں کے درمیان دوپہر تین بجے،چار بجے نیوایج / رضویز کا مقابلہ ڈی ایس پولو / اے ایس سی سے ہوگا۔ اسی طرح پورا ہفتہ میچز جاری رہیں گے جبکہ فائنل اتوار کی سہ پہر 3 بجے کھیلا جائے گا پول اے میں ٹیم رسالہ میں کیپٹن ہمیرغازی، عبدالرحمان منوں، پیڈروگلٹریزاوف رل، ڈیالن روسلیٹر جبکہ ابراہیم ریزور کھلاڑی ہے،ٹیم ماسٹر پینٹس میں فاروق امین صوفی، ممتاز عباس نیازی، مارکوس پنیلو اور جان کروز لوساڈا جبکہ ریزور میں راجہ جلال ارسلان، ٹیم ری ماؤنٹس میں ایل ڈی عمران شاہد، بلال حئی، ویری انٹورنی، اگناسیو نیگری جبکہ ریزور میں لیفٹیننٹ کرنل سلیم بابو، نیوایج / رضویز میں تراب رضوی، عدنان جلیل اعظم، سلواڈور جورجٹی اور سلواڈور ایلاوا جبکہ ریزور میں المان جلیل اعظم، ڈی ایس پولو / اے ایس سی میں دانیال شیخ، لیفٹیننٹ کرنل عمر منہاس، حسام علی حیدر اور میکسویل چارلٹن جبکہ ریزور میں احمد بلال ریاض شامل ہیں۔ پول بی کی ٹیموں میں ٹیم ایف جی پولو میں میاں عباس مختار، عامر رضا بہبودی، جمی لی ہارڈی اور فرانسسکو بنسٹاڈن،بی این پولو ٹیم میں بابر نسیم، راجہ میکائل سمیع، الوکیو سیلسٹیو اور جان رئیوز گنزو جبکہ ریزور میں راجہ سمیع اللہ، ڈائمنڈ پینٹس میں میر شعیب احمد، ثاقب خاکوانی، رومیروزیولیٹا، راول لیپ سیٹے جبکہ ٹیم ماسٹر پینٹس بلیک میں صوفی محمد عامر، احمد علی ٹوانہ، ماریانو ریگل، متیاس وائل پیراز جبکہ ریزور میں صوفی محمد ہارون شامل ہیں۔