لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام اتحاد پنجاب پولو کپ 2021ء ٹیم بی این پولو نے جیت لیا، فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ڈائمنڈ پینٹس کو سڈن ڈیتھ پر 6-5 سے شکست کا سامنا کر نا پڑ۔ تفصیلات کے مطابق تاریخی اتحاد پنجاب کپ کا 135 واں فائنل دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اتحاد ٹیکسٹائل کے سی ای او ناظم شہزاد شیخ، سارہ رضوان تھیں۔اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران آغا مرتضی علی خان،شاہ قبلائی عالم،فیروز گلزار، عثمان حئی،ثاقب خان خاکوانی، آغا نجیب رضا، سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل (ر) مدثر شریف اور غیرملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔بی این پولو اور ڈائمنڈ پینٹس کے درمیان فائنل میچ انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا اور پانچویں چکر تک گیا۔ جہاں بی این پولو ٹیم نے زبردست مقابلے کے بعد 6-5 سے میدان مار گیا۔ بی این پولو کی طرف سے ٹی ٹو رئیوز گنزو نے 3 گول، الوکیو نے دو جبکہ راجہ میکائل سمیع نے ایک گول سکور کیا جبکہ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے راول لیپ سیٹا نے چار جبکہ میر حذیفہ احمد نے ایک گول سکور کیا۔ قبل ازیں سب سڈری فائنل میں ٹیم ڈی ایس پولو نے ری ماؤنٹس کو زبردست مقابلے کے بعد 5-4 سے ہرا دیا۔ ڈی ایس پولو/ اے ایس سی کی طرف سے حسام علی حیدر اور میکس چارلٹن نے دو دو جبکہ لیفٹیننٹ کرنل عمر منہاس نے ایک گول سکور کیا۔ ری ماؤنٹس کی طرف سے اگناسیو نیگری نے دو جبکہ ویری انٹویو اور ایل ڈی عمران شاہد نے ایک ایک گول سکور کیا۔