کراچی : نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بآسانی نو وکٹوں سے ہرا دیا۔لاہورقلندرز نے فخر زمان اور محمد حفیظ کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت 179 رنز کا مطلوبہ ہدف 18.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔فخر زمان 82 اور محمد حفیظ 73 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔179 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا،ان کے واحد آؤٹ ہونے والے بیٹسمین لاہور قلندرزکے کپتان سہیل اختر تھے،
جو 64کے مجموعی اسکور پر21 رنز بناکر زاہد محمود کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔جس کے بعد اوپنر فخر زمان اور ان فارم بیٹسمین محمد حفیظ نے محمد حسنین، عثمان شنواری، بین کٹنگ، محمد نواز ، انور علی اور زاہد محمود پر مشتمل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلنگ اٹیک کو آڑے ہاتھوں لیا اور وکٹ کے چار وں اطراف شاندار اسٹرروکس کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔
فخر زمان نے 52 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ محض 24 گیندوں پر نصف سنچری بنانے والے محمد حفیظ 33 گیندوں پر 5 چوکوں اور 6 چھکوں کی بدولت 73 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز ایک بار پھراننگز کا پراعتماد آغاز کرنے میں ناکام رہے، ٹام بنٹن 4 اورنوجوان صائم ایوب صرف 3 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ایسے میں یونیورس باس کرس گیل کریز پر آئے اور کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ اپنی بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دیا۔کرس گیل نے جارحانہ انداز اپنایا، انہوں نے پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے صرف 40 گیندوں پر68 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
سرفراز احمد نے بھی پانچ چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے،دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 101 رنز کی شراکت قائم کی۔113 کے مجموعی اسکور پر سرفراز احمد حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ راشد خان نے118 کے مجموعے پر کرس گیل کو بھی پویلین کی راہ دکھائی تومحمد نواز نے گلیڈی ایٹرز کی کمان سنبھال لی۔ انہوں نے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے33 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 175 کے پار لگایا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔لاہور قلندرز کے حارث رؤف نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے38 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔