کراچی:نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو چار وکٹوں سے ہرادیا۔ لاہور قلندرز نے 141 رنز کا مطلوبہ ہدف 18.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔شاندار باؤلنگ اسپیل پر شاہین شاہ آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
141 رنز کےتعاقب میں لاہور قلندرز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو 29کے مجموعی اسکور پر کپتان سہیل اختر 14 رنزبناکر مجیب الرحمان کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ فخرزمان ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آغا سلمان 21 رنز بنا کر عماد بٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ تیزی سے رنزبنانے کی صلاحیت رکھنے والے بین ڈنک بھی 22 کے انفرادی اسکور پر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔
انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے نوجوان فاسٹ باؤلر ثاقب محمود نے مسلسل دوگیندوں پر سمت پٹیل اور ڈیوڈ ویزے کو آؤٹ کر کے میچ کو دلچسپ بنایا مگر اس موقع پرافغانستان کے راشد خان نے محمد حفیظ کا بھرپور ساتھ دے کر قلندرز کو فتح دلا دی۔ انہوں نے 15 گیندوں پر 27 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔محمد حفیظ 33 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کے وہاب ریاض اور ثاقب محمود نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پشاور زلمی کے اوپنرز اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے امام الحق میچ کی پہلی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ کامران اکمل بھی محض پانچ کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ حید ر علی بھی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس لوٹ گئے. ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اپنا ڈیبیو کرنے والے فاسٹ باؤلر سلمان مرزا نے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں۔ پشاور زلمی کے 46 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے تو انگلش کرکٹر روی بوپارہ اپنی ٹیم کی ڈگمگاتی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا. انہوں نے 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ رتھر فورڈ اور شعیب ملک نے 26، 26 رنز کی انفرادی اننگز کھیلیں، آل راؤنڈر عماد بٹ ایک چوکا اور دو چھکوں کی مدد سے 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 140 رنز ہی بنا سکی۔لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی نے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان مرزا نے دو جبکہ ڈیوڈ ویزے نے ایک وکٹ حاصل کی۔