کراچی (سپورٹس رپورٹر)ایچ بی ایل پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 122 رنز کا مطلوبہ ہدف 13.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کے فاسٹ باؤلر ارشد اقبال کو عمدہ باؤلنگ کرنے پر مین آف دی میچ قراردیا گیا۔ انہوں نے میچ کے اہم موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
122 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر شرجیل خان صرف چار رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے تاہم نئے آنے والے بیٹسمین جو کلارک نے تیزی سے رنز بنانے کا آغاز کیا۔ انہوں نے محض 23 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ عثمان شنواری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ محمد نبی نے 14 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔اُدھر کپتان بابر اعظم نے تین چوکوں کی مدد سے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے 2 جبکہ عثمان خان شنواری نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 121 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، 17 کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ کے دوکھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔اوپنرٹام بنٹن صرف 5 اور سرفراز احمد محض 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔کرس گیل نے اپنے روایتی انداز میں اننگز کا جارحانہ آغاز کیا وہ چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 39 رنز بنا کر ڈین کرسچن کی گیند پر محمد عامر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اعظم خان نے 17 اورقیس احمد نے 16 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کے ارشد اقبال نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں محض 16 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ وقاص مقصود نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔