لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام ایچ ای سی انٹرورسٹی سیونز رگبی ٹورنامنٹ پاکستان رگبی اکیڈمی آؤٹ سائیڈ لاہور ایئرپورٹ کھیلا گیا۔ پاکستان رگبی یونین کے سیکرٹری خرم خواجہ کے مطابق ٹورنامنٹ میں پاکستان بھر سے آٹھ یونیورسٹیز نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈائریکٹر یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب ارشد ستار تھے، اس موقع پر پاکستان رگبی یونین کے ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک، رگبی سروسز مینجر سید معظم علی شاہ اور سابق کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ آٹھ یونیورسٹیز میں یونیورسٹی آف لاہور، سپریئریونیورسٹی، اسلام یونیورسٹی آف بہاولپور، یووی اے ایس، یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب، امپریل یونیورسٹی، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی اور پنجاب یونیورسٹی کی ٹیمیں شامل ہیں۔ لیگ میچز میں دوپولز میں دلچسپ میچز کھیلے گئے۔ پہلے سیمی فائنل میں پنجاب یونیورسٹی نے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کو 17-10 سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں یونیورسٹی آف لاہور نے اسلامک یونیورسٹی آف بہاولپور کو 52-0 سے ہرا دیا۔ تیسری چوتھی پوزیشن کے میچ میں یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے انٹرنیشنل یونیورسٹی آف بہاولپور کو 34-0 سے ہرایا۔ فائنل میچ پنجاب یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف لاہور میں دلچسپ میچ ہوا جس میں یونیورسٹی آف لاہور کی ٹیم نے پنجاب یونیورسٹی کو 24-0 سے ہرا کر ایچ ای سی انٹرورسٹی رگبی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔یونیورسٹی آف لاہور کی طرف سے اسماعیل، حسنین، وقارنے ٹرائیز سکور کیں۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی ارشد ستار نے ٹرافیز تقسیم کیں۔