لاہور (سپورٹس رپورٹر) جناح پولو اینڈ کنٹری کلب کے زیراہتمام ایکوافینا علامہ اقبال پولوکپ 2021ء سپانسرڈ بائی ایکوافینا آج بروز منگل سے شروع ہو رہا ہے۔ جناح پولو اینڈ کنٹری کلب کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) شعیب آفتاب کے مطابق پہلی بار جناح پولو اینڈ کنٹری کلب میں 14 گول کا ٹورنامنٹ منعقد کیا جا رہا ہے جس کا نام شاعر مشرق علامہ اقبال کے نام پر رکھا گیا ہے۔ پہلی بار منعقد ہونیوالے علامہ اقبال پولو کپ کو ایکوافینا نے سپانسر کیا ہے۔ ایکوا فینا کی ٹیم کا بہت شکریہ جنہوں نے کلب کو سپورٹ کیا۔ ٹورنامنٹ میں ٹاپ نو ٹیمیں شریک ہیں۔ ہر ٹیم میں دو غیرملکی کھلاڑی بھی موجود ہیں۔ پول اے میں ری ماؤنٹس، بی این پولو، نیوایج/رضویز، ڈائمنڈ پینٹس اور ڈی ایس پولو /اے ایس سی کی ٹیمیں جبکہ پول بی میں باڑیز، ماسٹر پینٹس، ایف جی پولو اور ماسٹر پینٹس بلیک کی ٹیمیں شامل ہیں۔ آج بروز 16 فروری بروز منگل کو پہلا میچ بی این پولو اور نیوایج/رضویز کی ٹیموں کے درمیان دوپہر دو بجے جبکہ سہ پہر تین بجے ڈائمنڈ پینٹس کا مقابلہ ڈی ایس پولو /اے ایس سی سے ہوگا۔ پہلے دن دونوں میچز پاکستان پارک میں کھیلے جائیں گے۔ بدھ سے جمعتہ المبارک تک میچز جناح پولو اینڈ کنٹری کلب فیز ایٹ میں کھیلے جائیں گے۔ فائنل اتوار 21 فروری کی سہ پہر کو جناح کلب کے مین گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ ری ماؤنٹس کی ٹیم میں ایل ڈی عمران شاہد، بلال حئی، ویری انٹونیو اور اگناسیو نیگری، بی این پولو میں بابرنسیم، راجہ میکائل سمیع، الوکیو سیلسٹینو اور ٹی ٹو رئیوز گنزو، نیوایج /رضویز کی ٹیم میں تراب رضوی، المان جلیل اعظم، سلواڈور جوریٹج، سلواڈور علاوا، ڈائمنڈ پینٹس کی ٹیم میں میر شعیب احمد، عبدالرحمان منوں، ثاقب خاکوانی اور رومیروزیولیٹا، ڈی ایس پولو /اے ایس سی میں دانیال شیخ، لیفٹیننٹ کرنل عمر منہاس، حسام علی حیدر اور میکسول چارٹن شامل ہیں۔ پول بی میں باڑیز کی ٹیم میں نفیس باڑی، ارینسٹو ٹروٹز، حمزہ مواز خان اور سنٹیاگول گومز رومیرو، ماسٹر پینٹس میں فاروق امین صوفی، ممتاز عباس نیازی، مارکوس پنیلو اورجان کروز لوساڈا، ایف جی پولو کی ٹیم میں میاں عباس مختار، نوید شیخ، جمی لی ہارڈی، فرانسسکو بینسا ڈون، ماسٹر پینٹس بلیک میں صوفی محمد عامر، احمد علی ٹوانہ، ماریانو ریگل، متیاس وائل پیرازشامل ہیں۔