لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا، مڈل ایسٹ اور شمالی افریقہ میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کی اسٹریمنگ کے لیے ٹیپمیڈ سے معاہدہ کرلیا ہے۔ یہ اسٹریمنگ www.tapmad.com/psl6 پر دستیاب ہوگی۔
شراکت داری کے اس معاہدے سےنہ صرف آسٹریلیا، مڈل ایسٹ اور شمالی افریقہ میں موجود کرکٹ فینز کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کی کوریج میسر آئے گی بلکہ اس سے پاکستان کرکٹ کی مزید پذیرائی بھی ہوگی۔
اس نئے معاہدے کے ساتھ ہی اب ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 دنیا بھر میں اسٹریم ہوگی۔شمالی امریکہ میں وِلو ٹی وی، کیریبئن میں فلو اسپورٹس، یو کے میں اسکائے اسپورٹس یوکے، سب سہارا افریقہ میں سپر اسپورٹس، جنوبی ایشیا میں سونی پکچرز نیٹ ورک، نیوزی لینڈ میں اسکائے نیوزی لینڈ، مڈل ایسٹ اور شمالی افریقہ، آسٹریلیا اور باقی دنیا میں ٹیمپیڈ ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کو اسٹریم کرے گا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کا آغاز 20 فروری سے ہوگا، جہاں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور ایڈیشن 2019 کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مدمقابل آئیں گی۔ایونٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔