راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، گزشتہ روز بارش کے باعث 58 ویں اوور کے اختتام پر میچ روکنا پڑا تھا۔
آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز کپتان بابر اعظم اور فواد عالم نے 145 کے مجموعی سکور سے اننگز کا آغاز کیا تاہم کپتان کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے، فواد عالم نے بھی ان کی پیروی کی۔ محمد رضوان اور فہیم اشرف 5 وکٹوں کے نقصان اور 162 کے مجموعے کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
گزشتہ روز اوپنر عابد علی اور عمران بٹ اننگز کے لیے میدان میں آئے، چودہ رنز پر کھیلتے نوجوان بیٹسمین عمران بٹ کو کیچ ڈراپ پر موقع ملا لیکن ایک اسکور کا اضافہ کر کے وہ آؤٹ ہو گئے، تجربہ کارعابد علی بھی 6 رنز بنا کے چلتے بنے، سابق کپتان اظہر علی کھاتہ بھی نہ کھول سکے، یوں 22 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی 3 وکٹیں گر چکی تھیں۔
لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کے لیے بابر اعظم اور فواد عالم میدان میں آئے، قومی کپتان نے ففٹی سکور کرتے ہوئے 12 چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے اور فواد عالم کی شراکت داری میں ٹوٹل سکور 145 تک پہنچایا۔ بارش ہونے پر پہلے روز کا میچ ختم کر دیا گیا تھا۔