لاہور (سپورٹس رپورٹر) جناح پولو اینڈ کنٹری کلب کے زیراہتمام کور کمانڈر ڈائمنڈ پینٹس پولو کپ 2021ء کے چوتھے روز ایف جی پولو / ڈائمنڈ پینٹس نے ری ماؤنٹس کو ہرا کر مین فائنل کیلئے جبکہ نیوایج کیبلز نے اے ایس سی کو ہرا کر سب سڈری فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائمنڈ پینٹس کے تعاون سے ہونیوالے کور کمانڈر پولو کپ 2021ء کے چوتھے روزچھٹی کی وجہ سے فیملیز اور تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر ڈائمنڈ پینٹس کے سی ای او میر شعیب احمد، ڈائریکٹر میر حذیفہ احمد، کلب کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) شعیب آفتاب، سیکرٹری میجر (ر) بابر محبوب اعوان اور فیملیز بھی موجود تھیں۔ پہلے میچ میں ایف جی پولو / ڈائمنڈ پینٹس کی ٹیم نے ری ماؤنٹس کو 6-3 سے ہرا دیا۔ ایف جی پولو ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے رومیر زیولیٹا نے چار، ثاقب خان خاکوانی نے دو گول سکور کیے جبکہ ری ماؤنٹس کی طرف سے بلال حئی نے تینوں گول سکور کیے۔ دوسرے میچ میں ٹیم نیوایج کیبلز نے اے ایس سی کو 9.5-6 گول سے ہرا دیا۔ نیوایج کیبلز کی طرف سے مارکوس پنیلو نے چار، المان جلیل اعظم نے تین جبکہ فاروق امین صوفی نے دو گول سکور کیے جبکہ اے ایس سی کی طرف سے میجر عادل راؤ اور ابراہیم خلیل نے دو دو جبکہ لیفٹیننٹ کرنل عمر منہاس اور محمد رضا بہبودی نے ایک ایک گول سکور کیا۔ اس طرح اتوار کو تین بجے فائنل باڑیز اور ایف جی پولو /ڈائمنڈ پینٹس کے درمیان کھیلا جائے گا۔