لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کا کہنا ہے کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انتخابات بروقت کرا دیئے جائیں، اس کے لیے ایس او پیز بنائے جا رہے ہیں جن پر عمل کر کے ہی صاف اور شفاف الیکشن کرائیں گے۔ فیفا کی دنیا بھر میں 11 نارملائزیشن کمیٹیز کام کر رہی ہیں ان میں ایک کمیٹی پاکستان میں فٹبال کے معاملات کو دیکھ رہی ہے۔
فیفا ہاوس لاہور میں چیئرمین ناملائزیشن کمیٹی ہارون ملک کا کہنا تھا کہ فٹبال ایونٹس کے ساتھ ساتھ فیفا ویک بھی منایا جائے گا جس کے لیے مختلف ممالک کو خط لکھے جائیں گے کہ وہ پاکستان میں آ کر میچ کھیل لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایف ایف الیکشن کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرینگے۔ ماضی میں برسراقتدار رہنے والوں کی جانب سے مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے کوئی آڈٹ نہیں کرایا جا رہا ہے کیونکہ کسی قسم کے کاغذات دستیاب نہیں ہیں ,دوسرا ہمارے مینڈیٹ میں یہ شامل نہیں ہے کہ ہم کسی کا آڈٹ کرائیں تاہم ہماری ذمہ داری ہے کہ صاف اور شفاف الیکشن کرائے جائیں۔
ہارون ملک کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر مقابلے کرائے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں 10 مارچ کو ویمن فٹبال چیمپیئن شپ کا انعقاد کرایا جائے گا جبکہ اس کے علاوہ پریمیئر اور بی لیگ بھی کرائی جائیں گے جس کے تاریخوں کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ ایک ایسا سیٹ اپ بنانا چاہتے ہیں جو سب کو قبول ہو۔ کلبوں کی رجسٹریشن اور ان کی سکروٹنی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر پی ایف ایف آفیشلز اور صحافیوں کے درمیان نمائشی فٹسال میچ بھی کرایا گیا۔ جس میں چیئرمین نارملائزیشن ہارون ملک نے بھی شرکت کی۔