کراچی (قمر خان) دنیائے کرکٹ میں شہرت کی بلندیوں پر جھنڈے گاڑنے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کی دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور ملک کے معروف میڈیا گروپ روزنامہ نوائے وقت‘ دی نیشن کے درمیان معاہدہ طے پا گیا جس کے مطابق نوائے وقت‘ دی نیشن پی ایس ایل 6 میں کراچی کنگز کے پرنٹ میڈیا پارٹنر بن گئے۔ دفاعی چیمپئن کراچی کنگز پی ایس ایل 6 میں بھی ٹائٹل کے لئے فیورٹ ہے۔ ٹیم کا ٹاپ آرڈر ایک مرتبہ پھر ٹی ٹونٹی کے ممتاز بیٹسمینوں بابر اعظم اور شرجیل خان پر مشتمل ہے۔ ایڈیشن 2021 میں کراچی کنگز کی کپتانی عماد وسیم کریں گے۔ انہیں تجربہ کار بابر اعظم اور محمد عامرکا ساتھ میسر ہوگا۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے سابق اوپنر ہرشل گبز اب کراچی کنگز کے نئے کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں اور پاکستان ٹیم کے مایہ ناز پیسر اور سابق کپتان وسیم اکرم ڈائریکٹر آف کرکٹ کے طور پر کنگز کی ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت سے رکھتے ہیں۔ انگلینڈ کے الیکس ہیلز‘ جنوبی افریقہ کے کولن انگرام‘ انگلینڈ کے جو کلارک‘ آل راو¿نڈر ڈین کرسچن‘ ویسٹ انڈیزکے چیڈوک والٹن اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے آل راﺅنڈر محمد نبی بھی کراچی کنگز کے سکواڈ کا حصہ ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کے7 شہروں سے بیک وقت شائع ہونے والا روزنامہ نوائے وقت اور انگرےزی اخبار دی نیشن کا شمار ذرائع ابلاغ میں موثر اور توانا آواز کے طور پر ہوتا ہے ۔روزنامہ نوائے وقت کو پاکستان کے قدیم ترین روزنامہ ہونے کا شرف بھی حاصل ہے جس کا اجراءبانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی خصوصی ہدایت پر 1940ءمیں قرارداد پاکستان کے منظور ہونے کے موقع پر ہوا۔ تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور قائد اعظم کے سپاہی حمید نظامی اس کے بانی جبکہ مجید نظامی اس کے معمار ہیں۔ اسلام اور پاکستان کا علمبردار یہ کارواں محترمہ رمیزہ نظامی کی قیادت میں پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کی جدوجہد میں اپنا بھر پور کردار ادا کررہا ہے۔