لاہور پولو کلب کے زیراہتمام پینٹیرا انرجی ایبک پولو کپ 2021ء شروع ہوگیا۔ ٹورنامنٹ کا اعلان لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق نے سی ای اوپینٹیرا انرجی فرقان علی اختر کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر لاہور پولو کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی ممبران آغا مرتضی علی خان،شاہ قبلائی عالم،فیروز گلزار، عثمان حئی،ثاقب خان خاکوانی، آغا نجیب رضا، سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل (ر) مدثر شریف اور غیرملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق نے بتایا کہ کلب میں ہرسال مسلمان بادشاہ قطب الدین ایبک کی یاد میں یہ 14 گول کا ہائی گول ایونٹ منعقد کیا جاتا ہے۔
قطب الدین ایبک 1210ء میں لاہور میں پولو کھیلتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے تھے۔ اس سال اسی سلسلے کا 44 واں ایڈیشن ہے جسے پینٹیرا انرجی نے سپانسر کیا ہے جس پر میں ان کے سی ای او فرقان علی اختر کا خصوصی شکرگزار ہوں۔ اس موقع پر پینٹیراانرجی کے ساتھ لاہور پولو کلب کے ساتھ ایم او یو بھی دستخط کیا جا رہا ہے جس کے تحت پینٹیرا انرجی لاہور پولو کلب کو سولر پر منتقل ہونے پر مدد کرے گا۔ عمر صادق کے مطابق اس سال غیرملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد ہائی گول سیزن میں شرکت کر رہی ہے۔
جن میں ارجنٹائن، چلی، انگلینڈ، ایران شامل ہیں۔ ای سی ممبر آغا مرتضیٰ علی خان نے ٹیموں کا تعارف کروایا اور بتایا کہ ٹورنامنٹ کو سپروائز کرنے کیلئے دو نیوٹرل غیرملکی امپائر نکلوس سکارچینی اور مارکلوگرانن آئے ہیں۔ پینٹیرا انرجی کے سی ای او فرقان علی اختر کے مطابق بادشاہوں کے کھیل کو سپانسر کرکے بہت اچھا لگا۔پینٹیرا انرجی کا شمار پاکستان کی ٹاپ کی انرجی سلوشن فراہم کرنے والی کمپنیوں میں سے ہوتا ہے اور یہ کمپنی رہائشی، کمرشل، انڈسٹریل اور ایگری کلچرل میں بھی سولر سروسز فراہم کرتی ہے۔
آغا مرتضی علی خان کا کہنا تھا کہ آٹھ ٹیموں کو دو پولز میں تقسیم کیا گیا۔ پول اے میں ری ماؤنٹس، کولونی پولو ٹیم، ڈائمنڈ پینٹس اور ماسٹر پینٹس بلیک کی ٹیمیں جبکہ پول بی میں باڑیز، ماسٹر پینٹس، ڈی ایس پولو /اے ایس سی اور ٹیم بی این پولو شامل ہیں۔ منگل کو دو میچز کھیلے جارہے ہیں جبکہ بدھ کو دوپہر دو بجے باڑیز کا مقابلہ ماسٹر پینٹس سے جبکہ تین بجے ڈی ایس پولو /اے ایس سی کا مقابلہ بی این پولو ٹیم سے ہوگا۔ اسی طرح پورا ہفتے مقابلے جاری رہیں گے اور فائنل میچ اتوار 14 فروری کو سہ پہر سوا تین بجے کھیلا جائے گا۔