پشاور زلمی نے ملتان سلطان کو پچھاڑکرشکست دیدی

0

لکراچی میں جاری ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔فاتح ٹیم نے 194 رنز کا مطلوبہ ہدف19اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔پشاور زلمی کے بیٹسمین ٹام کیڈمورکو32 گیندوں پر 53 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے اپنی اننگز کاپراعتمادآغاز کیا تواوپنرز کا مران اکمل اور امام الحق نے 57رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔کامران اکمل دو چھکوں اور پانچ چوکو ں کی مدد سے 37رنز بناکر عثمان قادر کی گیند پر ایل بی ڈبلیوآؤٹ ہوگئے۔کریز پر موجود امام الحق نے نئے آنے والے بیٹسمین ٹام کیڈمور کے ساتھ مل کر رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔وہ پانچ چوکوں کی مدد سے 48رنز بنا کر کارلوس بریتھ ویٹ کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔

ٹام کیڈمور اور امام الحق نے 77رنز کی شراکت قائم کی۔153کے مجموعی اسکور میں شیر فین رودر فورڈ ملتان سلطانز کے نوجوان باؤلر شاہنواز دھانی کا شکار بنے، نوجوان فاسٹ باؤلر نے اگلے ہی اوور میں ٹام کیڈمور کو53کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کردیا۔ اُن کی اننگز میں ایک چھکا اور چھ چوکے شامل تھے۔ اس موقع پر نوجوان حیدر علی نے کریز سنبھالی اور8 گیندوں پر2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے برق رفتار24 رنز بنا کر پشاور زلمی کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی نے 2جبکہ عثمان قاد رنے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کرس لین ایک بار پھر ملتان سلطانز کو بڑا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور ایک کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

انہیں دراز قد فاسٹ باؤلر محمد عرفان نے آؤٹ کیا، جس کے بعد انگلش کرکٹر جیمز ونس نے کریز سنبھالی اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کے ساتھ مل کر تیزی سے رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا۔محمد رضوان دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر ایمرجنگ پلئیر محمد عمران کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے اینڈ سے جیمز ونس نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے تین چھکوں اور نو چوکوں کی بدولت 55 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔صہیب مقصود کے 21 گیندوں پر 36 رنز نے بھی سلطانز کے اسکور میں قابل قدر اضافہ کیا۔ ان کی اننگز میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔رائیلی روسو 14 اور خوشدل شاہ 6 رنز بنا کر پر ناٹ آؤٹ رہے۔ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان 193 رنز بنائے۔پشاور زلمی کے ثاقب محمود نے دو جبکہ محمد عمران اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کپتان وہاب ریاض پشاور زلمی کے سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے۔ انہوں نے چار اوورز میں 51 رنز دئیے۔ وہ کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here