پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے ہرادی

0

کراچی:نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایک لو اسکورننگ میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 119 رنز کا ہدف17 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ایونٹ میں تیسری جیت کے ساتھ پشاور زلمی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز کا دوسرا نمبر ہے۔ ان کے پوائنٹس کی تعداد 4 ہے۔پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کو میچ میں چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز بھی زیادہ اچھا نہ رہا اور ان کے دونوں اوپنرز 6 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ کامران اکمل 3 اور امام الحق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔تاہم تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے ٹام کوہلر کیڈمور نے تجربہ کار بیٹسمین شعیب ملک کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 63 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔ کیڈمور 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔جس کے بعد میچ کو جلد ختم کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترنے والے نوجوان بیٹسمین حیدر علی نے کریز سنبھالتے ہی ابتدائی دو گیندوں پر دو باؤنڈریز لگا کر زلمی کو فتح کے مزید قریب پہنچادیا۔ انہوں نے 18 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت برق رفتار 36 رنز بنائے۔ انہیں حسن علی نے آؤٹ کیا۔شعیب ملک 29 اور ردر فورڈ 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی نے 119 رنز کا ہدف 17.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی نے 2 جبکہ محمد وسیم اور فواد احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن اپ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور فاسٹ باؤلر ثاقب محمود کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 17.1 اوورز میں 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ تین بلے بازوں کے علاوہ ان کا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے تین بلے بازوں میں ایلکس ہیلز نے 41، حسین طلعت نے 22 اور آصف علی نے 19 رنز بنائے۔وہاب ریاض نے 17 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ یہ ان کا ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اپنا بہترین باؤلنگ اسپیل ہے۔ ثاقب محمود نے 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔مجیب الرحمٰن اور عمید آصف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here