سنٹرل پنجاب اور ناردرن کی پی سی بی انڈر 16 نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی

0

راولپنڈی:پی سی بی انڈر 16 نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ کا فائنل 23 فروری کو سنٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیموں کے مابین پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں پانچ راؤنڈز پر مشتمل ایونٹ میں چار، چار میچز جیت کر فائنل میں پہنچیں۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر رہی۔اُدھر 21 فروری کو کھیلے گئے ایونٹ کے پانچویں راؤنڈ میں سنٹرل پنجاب، ناردرن اور خیبرپختونخوا نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔

ایوب پارک گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سنٹرل پنجاب نے سندھ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 172 رنز کا مطلوبہ ہدف 39.5 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ آذان اویس نے 13 چوکوں کی مدد سے 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔دوسرے اوپنر موسیٰ عظیم نے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے۔ عبید شاہد 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ سندھ کی جانب سے واحد وکٹ رومیل احمد نے حاصل کی۔ اس سے قبل سندھ کی پوری ٹیم43.5 اوورز میں 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔آلراؤنڈر حسن اقبال 48 اور اوپنر سعد بیگ 39 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے تھے۔مومن قمر نے 30 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ابتسام الرحمٰن اور اویس علی نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

راول کرکٹ گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے سدرن پنجاب کو 2 وکٹوں سے ہرادیا۔ ناردرن نے 153 رنز کا مطلوبہ ہدف 37.4 اوورز میں8وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر شمائل حسین 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ان کی اننگز میں9 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔حماد رفیق نے 29 رنز بنائے۔ مہیر سعید نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 152 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔محمد دانش نے 39رنز بنائے۔افتخار احمد نے 3 جبکہ ابراہیم سلطان، عامر حسن اور احسان اللہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 64 رنز سے ہرادیا۔242 رنز کے تعاقب میں بلوچستان کی ٹیم مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز ہی بناسکی۔سجاد علی نے 53 اوردنیا خان نے 40 رنز بنائے۔ اسپنر محمد عرفان نے 3 اور محمد طاہر نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے قبل کے پی کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے تھے۔اوپنر شاہ زیب خان نے 135 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ریاض اللہ 33 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ عادل احمد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here