پی ایس ایل ہر سال ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، محمد نبی

0

کراچی:افغانستان کے سابق کپتان محمد نبی پرامید ہیں کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ ہر سال ترقی کی نئی منازل طے کر ےگی، یہ ایونٹ نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔36سالہ آلراؤنڈراس سال دفاعی چیمپئین کراچی کنگز کی نمائندگی کر رہے ہیں ، ماضی میں وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔آلراؤنڈر محمد نبی اپنی جارحانہ بیٹنگ اور شاندار آف اسپن باؤلنگ کی بدولت دنیا بھر کی ٹی ٹونٹی لیگز میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرچکے ہیں، وہ بگ بیش لیگ، کیربین پریمیئر لیگ، بنگلہ دیشں پریمیئر لیگ،افغانستان پریمیئر لیگ اور انگلینڈ وائٹلیٹی بلاسٹ میں شرکت کرچکے ہیں۔محمد نبی کا کہنا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل خوب کامیابیاں سمیٹ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ کو ہر گزرتے وقت کے ساتھ مزید پذیرائی ملے گی کیونکہ یہاں ہر سال نئے کھلاڑی اس لیگ کا حصہ بن رہے ہیں، جب بھی کوئی لیگ اچھا مقامی ٹیلنٹ سامنے لاتی ہے تو اس کی پذیرائی میں اضافہ ہوتا ہے۔ایڈیشن 2016 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے محمد نبی ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اپنی پہلی شرکت کو بھی یادگار سمجھتے ہیں۔ انہوں نےاس ٹورنامنٹ کے4 میچز میں شرکت کی تھی۔محمد نبی کا کہناہے کہ انہوں نے ایڈیشن 2016 کو بھی بہت انجوائے کیا اور اب وہ لیگ میں اپنے اس نئے سفر میں دفاعی چیمپئن، کراچی کنگز کی نمائندگی پر بھی فخر محسوس کرتے ہیں۔افغان آلراؤنڈر کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز اس ٹورنامنٹ کی دفاعی چیمپئین ہے، خواہش کہ وہ کراچی کنگز کو دوبارہ چیمپئین کا اعزاز دلائیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کو خوب انجوائے کر رہے ہیں، وہ بارہ سال بعد کراچی آئے ہیں۔محمد نبی نےکہا کہ کراچی شہر کے ساتھ ان کی بہت سی یادیں وابستہ ہیں، یہاں رہتے ہوئے وہ سال 2008 اور 2009 میں پاکستان کسٹمز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔افغانستان کے آلراؤنڈر محمد نبی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شائقین کرکٹ کی واپسی پر بہت پرجوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں انہوں نے کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شرکت کی مگر وہاں شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت نہیں تھی۔انہوں نے کہاکہ اسٹیڈیم میں تماشائی نہ ہوں تو لطف بھی نہیں آتا، گذشتہ سال بہت سی لیگز تماشائیوں کے بغیر ہوئی تھیں لیکن ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شائقین کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود ہیں اور ہم اس کا لطف اٹھارہے ہیں۔محمد نبی نے گذشتہ سال نومبر میں سابق کرکٹر اور موجودہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ہونے والی ملاقات کو بھی یادگار قرار دیا ہے۔اس ملاقات میں افغانستان کرکٹ ٹیم نےعمران خان کو دستخط شدہ بیٹ پیش کیا تھا۔ اس موقع پر عمران خان نے مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے مابین ایک کرکٹ سیریز کے انعقاد کا عہد بھی کیا تھا۔یہ سیریز پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلے سے شیڈول ایک روزہ سیریز کے علاوہ ہو گی۔محمد نبی نے وزیر اعظم پاکستان سے ہونے والی ملاقات کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات کے دوران ہم نےاکٹھے دوپہر کا کھانا کھایا اور عمران خان کے ساتھ فوٹو شوٹ بھی کیا، اس موقع پر ہم نے عمران خان سے پاکستان اور افغانستان کے مابین کرکٹ سیریز کی درخواست کی جسے انہوں نے منظور کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اکتوبر میں بھارت میں شیڈول آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021 کے بارے میں بہت پر جوش ہیں اورانہیں یقین ہے کہ افغانستان کی ٹیم اس ایونٹ میں سرپرائز دینے کے لیے تیار ہیں۔محمد نبی نے کہا کہ افغانستان کی ٹیم میگا ایونٹ کے لیے بھرپور تیاری کر رہے ہیں اور ان کے پاس ٹی ٹونٹی کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں، ان میں سے کچھ تو دنیا بھر میں ٹی ٹونٹی لیگز کھیلنےمیں مصروف ہیں، جس کافائدہ اٹھانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔افغان آلراؤنڈر نے کہا کہ نوجوان نسل کرکٹ کو بہت پسند کرتی ہے، گذشتہ 20سال سے کرکٹ کو افغانستان میں نمبر ون گیم کی حیثیت حاصل ہو چکی ہے، آج نوجوان نسل ہمیں کھیلتے ہوئے دیکھتی ہے تو ان کو بھی تحریک ملتی ہے۔انہوں نے کہاکہ افغانستان کے کھلاڑی انڈر 16اور انڈر 19کرکٹ میں بھی اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں اور یہی افغانستان کا روشن مستقبل ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here