خیبرپختونخوا سپر اوور میں ناردرن کو شکست دے کرپاکستان کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

0

خیبرپختونخوا نے ناردرن کو سپر اوور میں شکست دے کر پاکستان کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ فاتح ٹیم 31 جنوری بروز اتوار کو فائنل میں سنٹرل پنجاب کے مدمقابل آئے گی۔

دونوں ٹیمیں قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں بھی مدمقابل آچکی ہیں۔ قائداعظم ٹرافی کا فائنل برابررہا تھا، دونوں ٹیموں کومشترکہ فاتح قرار دیا گیاتھا۔

خالد عثمان کی قیادت میں میدان میں اترنے والی خیبرپختونخوا کی ٹیم نے سپر اوور میں ناردرن کو جیت کے لیے ایک اوور میں 16 رنز کا ہدف دیا تاہم عمران خان سینئر کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت ناردرن کی دونوں وکٹیں صرف 2 رنز پر گرگئیں، لہٰذا خیبرپختونخوا کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی۔

اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے۔جواب میں خیبرپختونخوا نے بھی مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنادئیے۔

خیبرپختونخوا نے اوپنر صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت میچ برابر کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 144 گیندوں پر 132 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے اوپنر مصدق احمد کے ہمراہ 127 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔ مصدق احمد نے 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 62 رنز اسکور کیے۔

ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ خیبرپختونخوا کا کوئی دوسرا کھلاڑی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا تاہم محمد وسیم جونیئر نے 13 گیندوں پر 18 اور آصف آفریدی نے 7 گیندوں پر 14 رنز بناکر میچ برابر کردیا۔ دونوں بلے باز ناٹ آؤٹ رہے۔

ناردرن کے اطہر محمود نے 2 جبکہ مبصر خان، حماد اعظم اور وقاص احمد نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ناردرن کے کپتان حماد اعظم نے 63 گیندوں پر 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 94 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ انہوں نے وکٹ کیپر روحیل نذیر کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 89 رنز کی شراکت قائم کی۔ روحیل نذیر نے 57 رنز اسکور کیے۔اوپنر حیدر علی 65 رنز بناکر نمایاں رہےتھے۔

فاسٹ باؤلر محمد وسیم جونیئر اور آصف آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں شاندار سنچری اسکور کرنے پر اوپنر صاحبزادہ فرحان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here