بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ :ڈائمنڈ پینٹس، ماسٹر پینٹس بلیک اور ڈی ایس پولو /اے ایس سی کی ٹیمیں فاتح رہیں

0

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2021ء کے دوسرے دن تین اہم میچز کھیلے گئے جن میں ڈائمنڈ پینٹس، ماسٹر پینٹس بلیک اور ڈی ایس پولو /اے ایس سی کی ٹیمیں فاتح رہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے پولو ٹورنامنٹ کے دوسرے دن تماشائیوں کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔ اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران آغا مرتضیٰ علی خان، شاہ قبلائی عالم، آغا نجیب رضا اور سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل (ر) مدثر شریف اور دیگر بھی موجود تھے۔ پہلے میچ میں ڈائمنڈ پینٹس نے ری ماؤنٹس کو 9-4 سے ہرا دیا۔ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے راول لیپ سٹے نے چار، رومیر زیولیٹا نے تین، ثاقب خان خاکوانی نے دو جبکہ میر حذیفہ احمد نے ایک گول سکور کیا۔ ری ماؤنٹس کی طرف سے اگناسیو نیگری نے دو جبکہ بلال حئی اور عمران شاہد نے ایک ایک گول سکور کیا۔ دوسرے میچ میں ماسٹر پینٹس بلیک کی ٹیم نے ماسٹر پینٹس کو 9-8 سے ہرا دیا۔ ماسٹر پینٹس بلیک کی طرف سے متیس وائل پیراز نے 7، ماریانو ریگل نے اور صوفی محمد ہارون نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ ماسٹر پینٹس کی طرف سے مارکوس پنیلو نے چار جبکہ جان کروز لوساڈا نے تین اور فاروق امین صوفی نے ایک نے گول سکور کیے۔ تیسرے اور آخری میچ میں حسام علی حیدرکے شاندار کھیل کی بدولت ڈی ایس پولو /اے ایس سی کی ٹیم نے زبردست مقابلے کے بعد آخری لمحات میں نیوایج /رضویز کی ٹیم کو 9-8 سے ہرا دیا۔ ڈی ایس پولو /اے ایس سی کی طرف سے حسام علی حیدر نے 6، میکسویل چارلٹن نے تین گول سکور کیے جبکہ نیوایج /رضویز کی طرف سے سلواڈور جورٹیجی نے چار، سلور ڈور ایلاوا اور سید محمد تراب رضوی نے دو دو گول سکور کیے۔ آج بروز بدھ بھی تین اہم میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ دوپہر ایک بجے ری ماؤنٹس کا مقابلہ باڑیز کے ساتھ، اڑھائی بجے بی این پولو کا مقابلہ رسالہ جبکہ چار بجے ماسٹر پینٹس بلیک کا مقابلہ ڈائمنڈ پینٹس سے ہوگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here