بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2021ء کا آغاز ہوگیا

0

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2021ء کا آغاز ہوگیا۔ اس سلسلے میں لاہور پولو کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کلب کے صدر عمر صادق نے ٹورنامنٹ سے متعلق بتایا۔ اس موقع پر بینک الفلاح کے ویلتھ مینجمنٹ اینڈ لائبیلٹی پراڈکٹس کے ہیڈ کبیر احمد قریشی، کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبرز آغا مرتضیٰ علی خان، آغا نجیب رضا اور سیکرٹری کرنل (ر) مدثر شریف بھی موجود تھے۔ عمر صادق نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں پہلی بار 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور ہر ٹیم میں دو غیرملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں غیرملکی کھلاڑی پہلی بار جلوہ گر ہو رہے ہیں جن میں ارجنٹائن، چلی، انگلینڈ، ایران کے کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچز پولو لائن ٹی وی کے ذریعے ٹی وی اور سوشل میڈیا پر لائیو دکھائے جا رہے ہیں۔ 57 سالوں سے یہ ایونٹ لاہور پولو کلب میں کھیلا جا رہا ہے۔ عمر صادق نے بینک الفلاح کا خصوصی شکریہ ادا کیا جو کئی سالوں سے نیشنل اوپن کو سپانسر کرتا آیا ہے اور اب چند سالوں کے وقفے کے بعد دوبارہ نیشنل اوپن کو سپانسر کیا ہے۔ بینک الفلاح کے کبیر احمد قریشی نے کہا کہ پولو کا کھیل بادشاہوں کا کھیل ہے اور بینک الفلاح کو ہمیشہ سے ہی اس کھیل کو سپانسر کرکے اچھا لگتا ہے۔ پول اے میں بی این، ڈی ایس پولو /اے ایس، ایف جی پولو، نیوایج /رضویز اور رسالہ کی ٹیمیں جبکہ پول بی میں ماسٹر پینٹس بلیک، ڈائمنڈ پینٹس، ری ماؤنٹس، باڑیز اور ماسٹر پینٹس کی ٹیمیں شامل ہیں۔ گزشتہ روز تین میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں نیوایج /رضویز نے رسالہ کی ٹیم کو 12-5 سے جبکہ دوسرے میچ میں باڑیز نے چھٹے چکر میں سڈن ڈیتھ پر ماسٹر پینٹس کی ٹیم کو 10-9 سے جبکہ تیسرے میچ میں بی این پولو ٹیم نے ایف جی پولو کو 9-7 سے ہرا دیا۔ آج بروز منگل تین میچز کھیلے جائیں گے۔ دوپہرو ایک بجے ڈائمنڈ پینٹس کا مقابلہ ری ماؤنٹس سے، اڑھائی بجے ماسٹر پینٹس بلیک کا مقابلہ ماسٹر پینٹس سے جبکہ چار بجے ڈی ایس پولو /اے ایس سی کا مقابلہ نیوایج /رضویز سے ہوگا۔ 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here